بھٹکل:یکم نومبر (ایس اؤنیوز)ریاست بہار کے دسنا میں پیدا ہونےو الے ،مشہور عالم دین سید سلیمان ندوی کے خاندان سے تعلق رکھنے والے، اردو ،عربی اور فارسی کے پروفیسر، معروف نقاد، مصنف ،شاعرعبدالقوی دسنوی شورؔش کو سرچ انجن گوگل نے ڈوڈل سے متعارف کراتے ہوئے ان کے یوم ِ پیدا ئش پر ان کی عزت افزائی اور خراج ِ تحسین پیش کیاہے۔
عبدالقوی دسنوی یکم نومبر 1930کو پیدا ہوئے تھے۔ جنگ آزادی کے دوران انہوں نے کئی سیاسی مضامین لکھے۔ شاعری کی ۔ مولانا ابولکلام آزاد پر انہوں نے بہت وقیع کام کیا ہے اس کے علاوہ مرزاغاؔلب اور علامہ اقباؔل کے متعلق لکھی ہوئی تصنیفات ماخذ کا درجہ رکھتی ہیں۔ تحقیق، تنقید اور تدوین جیسے کئی اہم شعبہ جات پر مشتمل بڑا وسیع کام اردو ادب کے لئے کیاہے۔ اردو اد ب میں اشاریہ سازی کو لے کر انہیں بھلایا نہیں جاسکتا۔ ان کے ادبی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے انہیں کئی اعزازات سے نوازاگیا تھا۔ 7جولائی 2011 کو ان کا انتقال ہوا۔
